کراچی : وفاقی محتسب کی جانب سے قائم کردہ انسپکشن ٹیم نے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے ایئرپورٹ پر مسافروں کی دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور ایئرپورٹ پر قائم ون ونڈو آپریشن کا بھی دورہ کیا۔
انسپکشن ٹیم نے ایئرپورٹ پر قائم کردہ ون ونڈو آپریشن پر مختلف اداروں کے عملے کی عدم موجودگی پر اظہار برہمی کیا، ٹیم کا کہنا تھا کہ دیگر اداروں کا عملہ ون ونڈو آپریشن پر موجود کیوں نہیں ہوتا؟
اس کے علاوہ انسپکشن ٹیم نے مسافروں کی جانب سے موصول شکایات پر بھی ایف آئی اے امیگریشن پربرہمی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہوتی ہیں جس سے ان کی امیگریشن میں تاخیر ہوتی ہے۔
انسپکشن ٹیم نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے کے پاس اگر افرادی قوت کی کمی ہے تو اسے دور کیا جائے، ایئرپورٹ پر مسافروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں۔
انسپکشن ٹیم نے جوائنٹ سرچ بیگیجز کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا، سی اے اے کی جانب سے قائم کر دہ جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر پر انسپکشن ٹیم نے اطمینان کا اظہار کیا۔