کراچی : وفاقی محتسب طاہر شہباز نے کہا ہے کہ روزگار کیلئے بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ائیرپورٹس پر ایک ماہ کے اندر ویزہ پروٹیکٹر ڈیسک فوری قائم کی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے جناح ائیرپورٹ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب طاہر شہباز نے جناح ائیرپورٹ کا دورہ کیا۔
ان کے ہمراہ سول ایوی ایشن، اے ایس ایف، کسٹم، ایف آئی اے، او پی ایف و دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ائیر پورٹ مینجر عمران خان نے وفاقی محتسب کو قائم کردہ جوائنٹ سر چ کاؤنٹر سے متعلق بریفنگ بھی دی۔
وفاقی محتسب طاہر شہباز نے ملک کے تمام بڑے ائیرپورٹس پر مسافروں کو تمام سفری سہولیات فراہمی کے ساتھ ساتھ امیگریشن حکام کو احکامات جاری کیے کہ ایک ماہ کے اندر بیرون ملک روزگار کیلئے جانے والے مسافروں کو ائیرپورٹس پر ویزہ پروٹیکٹر ڈیسک فوری قائم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ون ونڈو سہولت کو مذید فعال بنانے کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وفاقی محتسب کو ایمپلائمنٹ ویزے پر جانے والے مسافروں کی جانب سے ائیرپورٹس پر پروٹکٹر ڈیسک کی سہولت میسر نہ ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔
اس موقع پر انہوں نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ عمرے کی ادائیگی کے لیے جانے والے زائرین کو تنگ نہ کیا جائے اور روز گار کے سلسلے میں بیرون ملک جانے والے مسافروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔