باسل: ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے سوئس انڈور ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل دسویں بار اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے سوئس انڈور ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا کے ایلیکس ڈی منار کو شکست دے کر دسویں بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
باسل میں جاری ٹورنامنٹ میں سوئٹزرلینڈ کے 38 سالہ ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے 20 سالہ ایلیکس کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست سے دوچار کیا۔
فائنل میں راجر فیڈرر کی جیت کا اسکور 6-2، 6-2 رہا، فائنل میچ 68 منٹ تک جاری رہا، اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد نے فیڈرر کو مبارک باد دی۔
مزید پڑھیں: سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے کیریئر کا 100واں ٹائٹل جیت لیا
راجر فیڈرر نے ٹائٹل جیتنے کے بعد اپنے آبائی شہر باسل میں بال بوائز اور بال گرلز کی پیزا پارٹی بھی کی، فیڈرر نے سب کو پیزا سلائس دئیے اور خود بھی پیزا کھاتے نظر آئے۔
یاد رہے کہ فیڈرر کبھی خود بھی بال بوائے تھے، 1993 میں سوئس اوپن میں فیڈرر کو بال بوائے کا میڈل ملا تھا۔
سوئس ٹینس اسٹار فیڈرر کا کہنا تھا کہ بال بوائے کا میڈل ملنا کل کی بات لگتی ہے مجھے تو یاد بھی نہیں ہے، ان بچوں کو پیزا کھلا کر خوشی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں راجر فیڈرر نے اپنے کیریئر میں ٹینس چیمپئن شپ جیتنے کی سنچری مکمل کی تھی، فیڈرر ٹینس کی تاریخ میں سب سے زیادہ 20 مرتبہ گرینڈ سلم ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔