فیصل آباد : نجی اسکول میں سوال کا جواب بھولنے پر خاتون استاد نے سات سالہ طالبعلم پر لوہے کے اسکیل سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ کے نجی اسکول میں خاتون استاد نے سات سالہ طالبعلم کو لوہے کے اسکیل سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے بتایا کہ چک ناگاں کے رہائشی وقاص کا سات سالہ بیٹا رافع ڈجکوٹ کے نجی اسکول میں دوسری جماعت میں زیر تعلیم ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز ٹیسٹ کے دوران رافع ایک سوال کا جواب بھول گیا تو اس کی استاد آمنہ نے لوہے کے اسکیل سے اس کی پٹائی کر دی، تشدد سے معصوم رافع کے دائیں ہاتھ کی انگلیاں اور گردن زخمی ہوئی جبکہ اس کی کمر پر بھی تشدد کے نشانات موجود ہیں۔
تھانہ ڈجکوٹ پولیس نے متاثرہ بچے کے والد کی درخواست پر خاتون استاد اور اسکول پرنسپل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
مقامی انتظامیہ نے واقعے کے بعد نجی اسکول کو سیل کر دیا گیا تاہم مقدمے کے اندراج کے باوجود پولیس نامزد پرنسپل اور استاد کو گرفتار نہ کر سکی۔