شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار فیروز خان نے اداکاری کے بعد گانا ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’عشقیہ‘ میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار فیروز خان نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ ان کا نیا گانا انگریزی ریپ نمبر ہوگا جسے بہت جلد ریلیز کیا جائے گا۔
فیروز خان نے اسٹوڈیو سے ریکارڈنگ کا ایک کلپ شیئر کیا جس میں وہ سرمئی رنگ کا سویٹر اور پینٹ میں ملبوس ہیں اور گانا گنگنا رہے ہیں۔
ویڈیو میں فیروز خان کو نئے گانے کو گنگناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، مداحوں کی جانب سے ان کی ویڈیو کو خوب سراہا جارہا ہے اور ان کے گانے کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا ہے۔
اداکار نے پوسٹ میں ہیش ٹیگ ’گیم چینجر‘ کا استعمال کیا جس سے متعلق مداح اندازہ لگا رہے ہیں کہ گانے کا نام گیم چینجر ہوسکتا ہے۔
عشقیہ اسٹار نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں گانے کی ریلیز کی تاریخ نہیں بتائی بس اتنا لکھا کہ ’جلد آرہا ہے۔‘
واضح رہے کہ فیروز خان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’عشقیہ‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، ڈرامے میں ان کے ہمراہ ہانیہ عامر، رمشا خان، گوہر رشید ودیگر شامل تھے۔