پاکستانی اداکار و ماڈل فیروز خان کی والدہ صوفیہ ملک نے سابقہ بہو کی جانب سے بیٹے پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار فیروز خان اپنی والدہ کے بہت قریب ہیں، وہ اکثر اپنی والدہ کے ساتھ تصویریں شیئر کرتے ہیں اور انہوں نے کئی بار انٹرویو میں بتایا ہے کہ ان کے پورے کیریئر میں ان کی والدہ نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔
2023 میں فیروز خان اور علیزہ سلطان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی، سابقہ اہلیہ نے اداکار پر تشدد کا الزام بھی عائد کیا تھا ، تاہم اب حال ہی میں اداکار فیروز خان کی والدہ نے ایک انٹرویو میں اس کے بارے میں بات کی ہے۔
والدہ صوفیہ ملک نے کہا کہ بیٹے کی طلاق کے بعد لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، میں اگر باتیں سامنے لاؤں تو بہت ساری باتیں ہیں لیکن میں کچھ نہیں کہنا چاہتیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ سماج میں ویسے بھی عورت کی باتوں کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، ایسا سمجھا جاتا ہے کہ مرد پتھر کا بنا ہوتا ہے، وہ لوہے کا ہوتا ہے، اسے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
فیروز خان کی والدہ صوفیہ ملک کا کہنا تھا کہ بہت سارے مرد غصہ والے ہوتے ہیں، وہ تیز آواز میں بات کرنے کے عادی ہوتے ہیں لیکن تیز آواز میں بات کرنے کا مطلب تشدد نہیں ہوتا، میرا بیٹا بہت غصے والا ہے پورا گھر اس سے ڈرتا ہے لیکن وہ بہت پیار کرنے والا جان نچھاور کرنے والا ہے، بہت رحم دل ہے۔
اداکار کی والدہ نے کہا کہ بیٹے کی طلاق کے وقت عورت کارڈ چل رہا تھا، ہر کوئی میرے بیٹے پر الزام لگا رہا تھا، کسی نے میرے بیٹے کا ساتھ نہیں دیا، کسی نے بھی فیروز کے حق میں ایک لفظ نہیں بولا۔
یاد رہے کہ علیزہ سلطان اور فیروز خان کی 2018 میں شادی ہوئی تھی، اس جوڑی کے 2 بچے بیٹا سلطان اور بیٹی فاطمہ ہے۔
2023 میں دونوں شخصیات کی جانب سے اپنی طلاق کا باقاعدہ اعلان کیا گیا تھا جبکہ طلاق کے 2 سال بعد 2024 کے وسط میں فیروز خان نے دوسری شادی کر لی تھی۔