ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے سونے کی اسمگلنگ اور غیرقانونی خریدوفروخت میں ملوث 5 ملزمان گرفتار کر لئے، چھاپے کے دوران 11 کروڑ 58 لاکھ 62 ہزار کیش بھی ملا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے صدر گولڈ ٹاور اور گولڈ سینٹر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سونے کی اسمگلنگ اور غیرقانونی خریدوفروخت میں ملوث 5 ملزمان گرفتار کر لئے، کارروائی کے دوران سونے کے 17 بسکٹ برآمد کرلیے گئے اور برآمد ہونے والا ہر سونے کا بسکٹ 10 تولے کا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق اطلاع تھی سلیم عرف بابا اور باسط اکبانی سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں، سونے کی اسمگلنگ اور خریدوفروخت کسٹمز ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
حکام نے بتایا کہ غیر ملکی ادائیگیاں حوالہ ہنڈی کے ذریعے کی جارہی تھی جو کہ فارن ایکسچینج ریگولیشن (ترمیمی) ایکٹ 2020 کی خلاف ورزی ہے۔
ایف آئی اے حکام نے کہا کہ صدر گولڈ ٹاور کی نویں منزل پر دفتر نمبر 910 اور 911 میں کارروائی کی گئی، گولڈ سینٹر کی دکان نمبر 46 پر بھی چھاپہ مارا گیا۔
چھاپے کے دوران سونے کی خریدوفروخت کا ریکارڈ بھی برآمد ہوا، ایک رجسٹر میں خریدوفروخت اور حوالے سے متعلق اندراج تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں ناصر کھتری، رفیق خانانی، نوید اسلم، سعید اللہ اور عرفان رحمت اللہ شامل ہیں جبکہ سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اس کے علاوہ سلیم بابا اور باسط اکبانی عرف حیدرآبادی فرار ہوگئے۔