ملتان: ایف آئی اے عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو لیک کرنے کے الزام میں دانیہ شاہ کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کراچی نے دانیہ شاہ کو لودھراں سے گرفتار کیا ہے ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر عامرلیاقت کی ویڈیو لیک کی تھیں۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ لودھراں کے نواحی گاؤں ڈانوراں میں دانیہ شاہ کے گھر چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کرلیا۔
یہ پڑھیں: عامر لیاقت کے ورثا کا دانیہ ملک کیخلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے سے رجوع
خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین رواں برس 9 جون کو انتقال کرگئے تھے۔ انہوں نے جنوری میں دانیہ ملک سے تیسری شادی کی تھی تاہم جلد ہی دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔
دانیہ شاہ نے بہاولپور کی عدالت میں خلع کی درخواست دائر کر رکھی تھی کہ اسی دوران عامر لیاقت کی بیڈ روم کی کچھ نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن کے حوالے سے عامر لیاقت انتہائی صدمے کی کیفیت میں تھےانہوں نے اس سے متعلق ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔