نارروال: مسلم لیگ ن کے دور کا ایک اورمیگا کرپشن اسکینڈل سامنے آگیا ہے، اسپورٹس بورڈ کے سابق ڈائریکٹر اختر نواز گنجیرا کو نارروال اسپورٹس سٹی میں کرپشن کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نارروال اسپورٹس سٹی میں کرپشن کرنے پر سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اسپورٹس بورڈ کے سابق چیئرمین نے من پسند افراد کو کروڑوں کے ٹھیکے دئیے۔
اختر نواز گنجیرا کے خلاف غیرملکی دوروں پر بھی بدعنوانی سامنے آئی ہے، ایف آئی اے نے اختر نواز گنجیرا کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔
نارروال اسپورٹس سٹی کے 4 ارب کے منصوبے پر اب تک ڈھائی ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں، سابق ڈی جی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے ٹھیکے کے بلوں پر خود ہی دستخط کیے اور من پسند افراد کو ٹھیکے دئیے۔
سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے منصوبے کے مکمل ہونے سے قبل ہی اس کا افتتاح بھی کردیا تھا.
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاض پیرزادہ، احسن اقبال اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔