ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر عمرے کی آڑ میں گداگری کرنے والے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ کی آڑ میں گداگری میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں شاہنواز، افسرعلی، مجتہدحسین، محمد عادل، راحب علی، ضمیر حسین، وصید، شیراز خان، مبین علی سولنگی، خدا بخش شامل ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سعودی عرب سے پاکستان پہنچے تھے، ملزمان کو گداگری میں ملوث ہونے پر سعودی عرب سے ڈیپورٹ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق راجن پور،کشمور، نوشہروفیروز، لاہور، پشاور، مہمند اور لاڑکانہ سے ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان عمرہ ویزہ پر سعودی عرب گئے تھے۔
ایف آئی اے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان سعودی عرب میں گزشتہ کئی ماہ سے گداگری میں ملوث رہے، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔