ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی انسانی اسمگلروں کیخلاف کریک ڈاون کا سلسلہ جاری ہے، ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد وسیم، رانا نعیم اور خلیل ستار شامل ہیں گرفتار ملزمان جعلی سفری دستاویزات بنانے کے حوالے سے منظم گینگ چلا رہے تھے۔
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ گینگ شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورتا تھا، گینگ بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد پاسپورٹ پر جعلی ویزے چسپا کرتے تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم رانا نعیم نے شہری کو غیر قانونی طریقے سے ترکیہ بھجوایا، ملزم غیر قانونی طریقے سے بارڈر پار کرانے میں بھی ملوث ہے۔