اسلام آباد: ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں حبیب الرحمان اور نوید احمد شامل ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پشت بازار باجوڑ سےگرفتار کیا گیا ہے، دونوں ملزمان رواں ماہ لیبیا میں ہونیوالے کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔
حکام کے مطابق کشتی حادثے میں کرم سے تعلق رکھنے والے 14 متاثرین جاں بحق ہوئے، ملزمان نے شہزاد حسین کو یورپ بھجوانے کیلئے 37 لاکھ روپے ہتھیائے تھے جبکہ انہوں نے دیگر ساتھیوں سے ملکر متعدد لوگوں سے بھاری رقوم لیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھی واجد علی، شاہ فیصل اٹلی سے گینگ آپریٹ کر رہے تھے، گرفتار ملزمان سے 4 موبائل فون برآمد ہوا جبکہ اب کے تین بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے موبائل سے ویڈیوز، تصاویر، میسجز اور بینک ٹرانزیکشنز بھی سامنے آگئے، یاد رہے کہ لیبیا میں متاثرین کو سیف ہاؤسز میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا۔