ایف آئی اے نے گوجرانوالہ اور گجرات سے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 5 ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گوجرانوالہ اور گجرات سے 5 افردا کو گرفتار کیا جو انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ہیں۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں فاروق عادل، نزاکت علی، محمد آصف، محمد ارسلان اور عدنان علی شامل ہیں، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجواتے تھے۔
ایف آئی اے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزم فاروق نے رومانیہ ملازمت کا جھانسہ دے کر ساڑھے 14 لاکھ روپے بٹورے، ملزم نزاکت نے لیبیا اور یورپ بھجوانے کے نام پر 50 لاکھ روپے بٹورے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم آصف نے ایک شہری سے کرغستان ملازمت کا جھانسہ دے کر 11 لاکھ روپے بٹورے جبکہ ملزم ارسلان نے شہری کو کویت ملازمت کا جھانسہ دے کر 10 لاکھ 30 ہزار روپے لئے۔
ایف آئی اے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزم عدنان نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض بھجوانے کے نام پر 13 لاکھ ہتھیائے تھے۔