اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی اور ایف آئی اے کو مطلوب خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ظفر اقبال پرواز ٹی کے 710 سے استنبول سے اسلام آباد پہنچا تھا، دوران ایمیگریشن ملزم ظفر اقبال کو نام بلیک لسٹ میں ہونے پر گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا نام 2015 میں ریڈ بک میں شامل کیا گیا تھا، صوبہ پنجاب کے شہر گجرات کا رہائشی ظفر اقبال انسانی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔
انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو ایجنٹ سمیت 6 ملزمان اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ایف آئی اے کی ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے دو ایجنٹ سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ ملزمان نے حریم ٹریولز کے نام سے جعلی دستاویزات بنا رکھی تھیں، ملزمان نے سرفراز، ذیشان، نعمان اور حامد کو اپنا ملازم ظاہر کیا تھا۔