لاہور : شہریوں کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزم نےشہریوں کواٹلی بھجوانےکیلئے23لاکھ روپےلیے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت محمد عباس کے نام سے ہوئی ، ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں سمبڑیال سیالکوٹ سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے ہتھیائے۔
ملزم نے ذیشان سرور اور نوصر عباس نامی شہریوں کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 23 لاکھ روپے بٹورے اور متاثرہ شہریوں کو بذریعہ کشتی لیبیا سے اٹلی روانہ کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دورانِ سفر کشتی کو حادثہ پیش آیا اور ڈوب گئی، کشتی حادثہ کے نتیجے میں نوصر عباس نامی شہری لاپتہ ہوگیا جبکہ ذیشان سرور کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔