کراچی: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں کارروائی کرتے ہوئے نجی ٹریول ایجنسی اور موبائل شاپ کے دفاتر کو سیل کر کے 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی ایف بی آر،پی ٹی اے کی ہدایت پر کی گئی،ملزمان مسافروں کا ریکارڈحاصل کرکے اسمگل شدہ موبائل ڈیوائس رجسٹرڈکراتےتھے،گروہ موبائل رجسٹرڈکرکے مارکیٹ میں اسے بلیک میں فروخت کرتا تھا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کے مطابق پی ٹی اےنے1328 ایسے افراد کے نام فراہم کیے جن کا ڈیٹا غیر قانونی طور پر استعمال ہوا، کارروائی کے دوران دفاترسےملنےوالےلیپ ٹاپ،سامان سےشہریوں کاریکارڈحاصل کرلیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم سرکل کا کہنا تھا کہ 3ہزارمسافروں کاڈیٹامل چکا، کیس کے مرکزی کردارعبدالواحد کے بھائی علی رضا کو گرفتار کرلیا جس نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ ای این اےٹریول کامالک مسافروں کا ڈیٹا موبائل شاپ کوفروخت کرتاتھا، ہر آئی ایم آئی نمبرپرکمیشن ملتا تھا۔
مزید پڑھیں: بیرونِ ملک سے ایک موبائل فون لانے کی اجازت پر مخالفت، سینیٹ کمیٹی کا نظر ثانی کا مطالبہ
کارروائی کے دوران پاسپورٹ، ای میل آئی ڈیز، اور اہم شخصیات کا بھی ڈیٹا ملا جبکہ 100سےزائدموبائل فونز قبضےمیں لےگئے، ایف آئی اے نے غیر قانونی طریقے سے موبائل کھولنے والے گروہ کے تین اہم کارندوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے نجی ٹریول ایجنسی اور موبائل شاہ کے دفاتر کو سیل کردیا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل ایف آئی اے نے کارروائی کر کے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جو سافٹ ویئر کے ذریعے لوگوں کے اسمگل شدہ موبائل پرانی تاریخوں پر رجسٹرڈ کر کے دیتا تھا، ملزم نے دورانِ تفتیش جو انکشافات کیے اُس کی روشنی میں کارروائیاں کی گئیں۔
دوسری جانب رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان سےاسلحہ،ایمونیشن اور مسروقہ سامان بھی برآمد ہوا۔