اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے مالی فراڈ میں ملوث غیر ملکی خاتون سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے مالی فراڈ میں ملوث نائیجیرین خاتون کنڈینس اووم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمہ لوٹی رقم منتقل کرنے کے لیے ساتھیوں کی مدد سے اکاؤنٹس کھولتی،ملزمہ اور اس کے ساتھی 52 لاکھ روپے عوام سے لوٹ چکے ہیں۔ملزمان کے خلاف سائبر کرام ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے ایک کروٹ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کوریا کے شہری کو گرفتار کر کے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا تھا۔
اے ایس ایف حکام کا کہنا تھا کہ مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران 60 ہزار امریکی ڈالرز برآمد ہوئے تھے۔