کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے 10 ماہ کے دوران ملکی و غیر ملکی مسافروں کی آمد و روانگی سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال ایف آئی اے امیگریشن نے بین الاقوامی آمد اور روانگی کی چیک پوسٹوں پر 16 ملین مسافروں کا امیگریشن کا عمل مکمل کیا۔
رواں سال کے دوران اسٹاپ لسٹ میں شامل 2878 ملزمان کو مختلف ایئر پورٹس سے گرفتار کیا گیا، 2449 مسافروں نے گم شدہ، چوری شدہ اور بلیک لسٹڈ پاسپورٹس پر بیرون ملک جانے کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔
ایف آئی اے امیگریشن نے رواں سال کے دوران 118 ملزمان کو ریڈ نوٹسز کی بنیاد پر گرفتار کیا، دیگر ملزمان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے، 117 مسافروں کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔
رواں سال کے دوران 5.7 ملین پاکستانیوں اور 1.7 ملین غیر ملکیوں کی پاکستان آمد ہوئی، 67 لاکھ سے زائد پاکستانی بیرون ملک روانہ ہوئے، جب کہ 1.8 ملین غیر ملکی پاکستان سے روانہ ہوئے۔