کراچی : ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن نے مسافر کی شکایت پر امیگریشن میں تعینات اے ایس آئی کو رشوت لینے پر معطل کردیا، ملزم کو معطل کرکے محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن میں تعینات اے ایس آئی کو مسافر سے رشوت لینے پر معطل کردیا گیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن زین شیخ نے بتایا ہے کہ ہمیں شکایت ملی تھی کہ اے ایس آئی اے رانا اکبر نے عبدالشکور نامی مسافر سے460 یو اے درہم رشوت وصول کی۔
متاثرہ مسافر نے اے ایس آئی رانا اکبر کے خلاف رشوت وصولی کی تحریری شکایت کی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ عبد الشکور جنوبی افریقہ میں سایسی پناہ کی درخواست مسترد ہونے پر کراچی پہنچا تھا۔
اے ایس آئی رانا اکبر کو اس سے قبل سال2017 میں بھی رشوت وصولی پر امیگریشن تعیناتی کے لئے بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کا مزید کہنا ہے کہ مسافر کو مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے کر رقم وصول کی گئی، اے ایس آئی رانا اکبر کو معطل کرکے محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔