اسلام آباد : کم یونٹس والے صارفین کو 200 سے زائد یونٹس کے بل بھیجے جانے کا انکشاف سامنے آیا، اووربلنگ سے کروڑوں کا اضافی بوجھ پڑا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے لیسکو کیخلاف پروٹیکٹڈ صارفین کو اوور بلنگ کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے انکوائری شروع کردی۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ لیسکو نے مبینہ طور پر لاکھوں پروٹیکٹڈ صارفین کو اوور بلنگ کی اور کم یونٹس والےصارفین کو200 سے زائد یونٹس کے بل بھیجے گئے۔
ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ اووربلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹگری تبدیل ہونے سے کروڑوں کا اضافی بوجھ پڑا۔
ایف آئی اےاینٹی کرپشن سرکل لاہور نےانکوائری کا آغاز کرتے ہوئے لیسکو کے ڈائریکٹرکسٹمرسروسز اور ڈی جی آئی ٹی کونوٹس جاری کردیئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لیسکو افسران سے بلنگ کا ڈیٹا اور دیگر تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
یاد رہے رواں سال مئی میں لیسکو کو مالی نقصان پہنچانے پر کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا ، اوور بلنگ کی درستگی سے کمپنی پر اضافی اربوں روپے کا بوجھ پڑا۔
ذرائع کے مطابق اوور بلنگ کے وقت اوسط فی یونٹ قیمت 16 روپے تھی، جب کہ رواں ماہ 48 روپے سے قیمت زائد بنتی ہے، جس سے کمپنی کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔