ایف آئی اے نے سمندر کے راستے معصوم شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سینیگال سے براستہ ایتھوپیا کراچی پہنچنے والے مسافر سے پوچھ گچھ کی ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ سینیگال سے براستہ ایتھوپیا کراچی پہنچنے والا مسافر گزشتہ سال لاہور ایئرپورٹ سے وزٹ ویزے پر سینیگال گیا تھا، مسافر یورپ جانے کیلئے چوہدری تیمور نامی انسانی اسمگلر سے رابطے میں تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایجنٹ نے مسافر کو 25 لاکھ کے عوض اسپین پہنچانے کا وعدہ کیا تھا، سینیگال پہنچنے پر مسافر کے والد نے ایجنٹ کو 25 لاکھ ادا کیے، سینیگال پہنچنے پر ایجنٹ نے مسافر کا پاسپورٹ اپنے پاس رکھ لیا۔
حکام کے مطابق ایجنٹ نے ہوائی جہاز کے بجائے سمندری راستے شہری کو بھجوانے کی کوشش کی لیکن مسافر نے سمندری راستے سے یورپ جانے سے انکار کیا بعد ازاں پاسپورٹ پر جعلی اسٹیمپ لگا کر یورپ بھیجنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن اس بھی ناکام رہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مسافر کو سینیگال میں 4 ماہ تک سیف ہاؤسسز میں رکھا گیا، مسافر کے مطابق سیف ہاؤسز میں مزید 13 پاکستانی بھی موجود تھے، مسافر نے بعد ازاں وطن واپسی کا فیصلہ کیا۔