ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثہ 2023 میں ملوث ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 2 ایجنٹ گرفتار کرلئے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی شناخت محمد پرویز اور عمران صابر کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کو گجرات اور گجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، ملزم پرویز کا نام انتہائی مطلوب اسمگلرز کی فہرست میں شامل ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم ریڈ بک کا مطلوب انسانی اسمگلر اور لیبیا کشتی حادثہ کا اہم ملزم ہے، ملزم کا تعلق گجرات سے ہے، ملزم کمپوزٹ سرکل گجرات میں درج متعدد مقدمات میں نامزد ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پایا گیا ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں لوکڑی ملاں گجرات سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کا نام سال 2023 سے ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز کی فہرست میں شامل ہے، ملزم نے شہریوں کو اٹلی بھجوانے کی غرض سے فی کس 30 لاکھ روپے بٹورے ملزم متاثرہ شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لیبیا کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے میں ملوث پایا گیا۔
متاثرہ شہریوں کو لیبیا میں بنائے گئے سیف ہاؤسز میں محصور کر کے شہریوں کے خاندان سے تاوان کا مطالبہ کرتا تھا، تاوان نہ ملنے پر متاثرہ شہریوں پر تشدد بھی کیا جاتا تھا، یورپ سفر کے دوران مسافر کشتی کو حادثہ پیش آ گیا جس میں متعدد پاکستانیوں کی موت واقع ہوئی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم سے 12 عدد پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے، ملزم پاسپورٹ برآمدگی کے حوالے سے تسلی بخش جواب نہ دے سکا، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ملزم عمران صابر نے شہری کو سعودی عرب ملازمت کی غرض سے بھجوانے کا جھانسہ دے کر 41 لاکھ بٹورے ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے تھے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔