کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 68 کروڑ مالیت کے پرائزبانڈز اور رقم برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر دکان پر چھاپے کے دوران ایف آئی اے نے 68 کروڑ مالیت کے پرائزبانڈز اور رقم برآمد کی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کاروائی ملزمان محمد کامران اورمحمد رضوان کی نشاندہی پرکی گئی۔ ملزمان کی نشاندہی پر پہلے ایک کارروائی میں 41 کروڑسے زائد کی کرنسی، بانڈز ملے تھے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ مزید رقم ایک لاکرمیں چھپا کررکھی گئی ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق گرفتارملزمان کی نشاندہی پر کھارادر کے علاقے میں دکان پر چھاپہ مارا گیا، 27 کروڑمالیت کے پرائزبانڈ، کرنسی انڈرگراؤنڈ لاکرزمیں چھپائے گئے تھے۔
یاد رہے کہ 12 اپریل کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سلطان خواجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایف آئی اے سندھ کی جانب سے حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری اور مختلف مقامات میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔
سلطان خواجہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے دو کارروائیوں میں مجموعی طور پر 42 کروڑ روپے سے زائد کی رقم برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کیا۔