اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی کی سابق رہنما شیریں مزاری کی ای سی ایل سے نام نکلوانےکی درخواست پر جواب جمع کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی سابق رہنما شیریں مزاری کی ای سی ایل سے نام نکلوانےکی درخواست پر سماعت ہوئی۔
ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا، جس میں کہا ہے کہ شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا گیا ہے، اسلام آباد پولیس کی درخواست پرپاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالاگیا۔
عدالت کی جواب کی کاپی شیریں مزاری کوفراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔
گذشتہ سماعت میں شیریں مزاری کے وکیل بیرسٹر احسن جمال پیرزاد نے عدالت کو بتایا تھا کہ میڈیا سے ہم نے سنا ہے کہ شیریں مزاری کا نام ای سی ایل میں ہے۔
جس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا تھا کہ آپ کیسے فرض کر سکتے ہیں آپ کا نام ای سی ایل پر ہے ؟ شیریں مزاری کے وکیل نے جواب دیا کہ ہمارے پاس ایسی کوئی دستاویز موجود نہیں جہاں لکھا ہو نام شامل ہے۔
معزز جج نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی تھی کہ شیریں مزاری کا نام ای سی ایل میں ہے یا نہیں ؟عدالت کو آگاہ کریں۔