اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی فارن ایکسچینج کیخلاف کریک ڈاؤن میں 15کروڑ سے زائد کی ریکوری کر لی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے حوالہ ہنڈی ،غیر قانونی فارن ایکسچینج پر کارروائیوں کی رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرادی۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے نے کریک ڈاؤن میں 15 کروڑ سے زائد کی ریکوری کر لی، ایف آئی اے نے خفیہ اطلاع پر 48 چھاپے مارے ، چھاپوں کے دوران 59افراد کو گرفتار اور 48 مقدمات درج کئے گئے۔
ذرائع ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ 11 افراد کے خلاف غیر قانونی کرنسی ایکسچینج پر انکوائریاں شروع کیں، انکوائری کے بعد مزید 9 مقدمات درج کر لئے گئے۔
چھاپوں کے دوران 106800 امریکی ڈالر ضبط کرلئےگئے جبکہ 2کروڑ روپے سے زائد کی دیگر غیرملکی کرنسی بھی قبضےمیں لی گئی اور حوالہ ہنڈی میں استعمال 9 کروڑ 83 لاکھ روپے پکڑے گئے۔
وزرات داخلہ نے ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو بھی پیش کر دی ہے۔