لاہور: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطاء اللہ تارڑ کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطاء اللہ تارڑ کو (ایف آئی اے) نے 27 دسمبر کو صبح 11 بجے طلب کر لیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما کو لاہورآفس میں طلب کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے عطاء اللہ تارڑ کو سائبر کرائم ونگ میں درج مقدمے کی تحقیقات میں طلب کیا ہے اور انہیں سائبر کرائم ونگ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل آج مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نیب لاہور آفس میں پیش ہوئے جہاں نیب لاہور کی تفتیشی ٹیم نے تقریباََ ڈھائی گھنٹے تک ان سے پوچھ گچھ کی۔ نیب نے جاوید کو سوالنامہ دیا اور آئندہ پیشی پر جوابات طلب کر لیے۔
نیب نے احسن اقبال کو گرفتار کر لیا
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کو آج گرفتار کیا تھا۔ لیگی رہنما کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
ترجمان نیب نے احسن اقبال کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔