وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کرشنگ سیزن میں شوگر ملوں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں گنے کی کرشنگ کا سیزن شروع ہونے والا ہے اور ایف آئی اے نے کرشنگ سیزن مین ملک بھر میں شوگر ملوں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں ایف آئی اے نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔ یہ ٹیمیں شوگر ملز میں چینی کی پیداوار اور اسٹاک کا ریکارڈ رکھیں گی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ٹیکس چوری روکنے کے لیے روانہ کی بنیاد پر ملز کی سیلز کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا جب کہ شوگر ملز میں گنے کی آمد اور ٹرالیوں کی تعداد کا ریکارڈ بھی مرتب ہوگا۔
اس سلسلے میں لاہور زون کی ٹیمیں تین شوگر ملوں پر تعینات کر دی گئی ہیں اور ڈائریکٹر لاہور زون سرفراز خاں ورک نے میٹنگ میں ٹیموں کو ٹاسک سونپ دیے ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتہائی ذمہ داری اور ایمانداری سے ڈیٹا مرتب کریں۔ ٹیکس چوری کو روکنا ایک اہم قومی فریضہ ہے اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں شوگر ملز اور ڈیلروں کی ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے تین اداروں کو مشترکہ کارروائیاں کرنے کی ذمے داری تفویض کی گئی تھی۔
شوگر ملوں اور ڈیلرز کے خلاف اب تین ادارے مشترکہ طور پر کارروائیاں کریں گے