فیفا نے قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں ارجنٹینا اور نیدر لینڈ کے مابین کھیلے گئے میچ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق فیفا نے قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں ارجنٹینا اور نیدر لینڈ کے مابین کھیلے گئے میچ میں بار بار بدمزگی اور کھلاڑیوں میں تصادم کے واقعات پر میچ ختم ہونے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہیں۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے ارجنٹائن اور ہالینڈ کے خلاف انضباطی طریقہ کار کا آغاز کردیا ہے کیونکہ میچ میں مسلسل بدمزگی اور کھلاڑیوں کے رویے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل کو متاثر کیا ہے۔
فیفا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ارجنٹائن فٹ بال فیڈریشن کے خلاف الزامات کا تعلق کھلاڑیوں اور عملے سے بدتمیزی اور میچوں میں آرڈر اور سیکورٹی سے ہے جب کہ ہالینڈ کی ٹیم کو بھی رویے کی تحقیقات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کو فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں ارجنٹائن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹیز پر ہالینڈ کو تین کے مقابلے میں چار گولوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا تھا۔
میچ کے دوران کئی بار دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان بدمزگی اور تصادم کی صورتحال پیدا ہوئی، کھلاڑی آپس میں گتھم گتھا بھی ہوئے جب اسی بے نظمی کے سبب میچ میں ریکارڈ 18 یلو کارڈ دکھائے گئے تھے۔
میچ کے بعد ریفری پر ارجنٹائن کپتان لیونل میسی بھی برس پڑے تھے اور انہوں نے ریفری انٹونیو میٹو لاہوز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ریفری انتہائی اہم میچ میں اپنا کام ٹھیک طریقے سے کرنے میں ناکام رہے اور فیفا ان کے خلاف کارروائی کرے۔
میسی کا مزید کہنا تھا کہ میں ریفریز کے بارے میں بات کرنا نہیں چاہتا ورنہ بعد میں آپ پر پینلٹی لگا دی جائے گی لیکن لوگوں نے دیکھا کہ کیا ہوا۔ اسٹار فٹبالر نے کہا کہ میرے خیال میں جوا ہوا فیفا کو اس کا خیال رکھنا چاہیے۔ اتنے بڑے میچ میں ایسے ریفری کو نہیں رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ریفری اپنا کام کرنے میں ناکام نہیں ہوسکتا۔ میچ کے نتیجے سے متعلق بات کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ بہت خوشی اور راحت ملی تاہم میچ کو پنالٹی ککس تک نہیں جانا چاہیے تھا۔
مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں دو، دو جبکہ اضافی وقت میں کوئی گول نہ کرسکی تھیں۔ پینالٹیز پر ارجنٹائن نے نیدر لینڈ کے ایک کے مقابلے میں دو گول کرکے فتح اپنے نام کی۔
فیفا ورلڈ کپ 2022 کا پہلا سیمی فائنل منگل کو ارجنٹینا اور کروشیا کے مابین ہوگا۔