زیورخ : فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی ایتھکس کمیٹی نے تنظیم کے صدر سیپ بلاٹر کو نوے روز کیلئے معطل کرنے کی سفارش کردی.
کرپشن اسکینڈل نے سیپ بلاٹر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، ایتھکس کمیٹی نے تنظیم کے صدر سیپ بلاٹر کو نوے روز کے لئے معطل کرنے کی سفارش کردی۔ سیپ بلاٹر پر یوئیفا کے صدر کو غیر قانونی طور پر فنڈز مہیا کرنے اور دیگر الزامات ہیں۔
سیپ بلاٹر نے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کرپشن میں ملوث نہیں رہے۔ ان پر جو بھی الزامات لگ رہے ہیں وہ سب بے بنیاد ہیں۔
یاد رہے کہ مسلسل پانچویں مرتبہ فیفا کے صدر منتخب ہونے کے چار روز بعد سیپ بلاٹر کرپشن اسکینڈل کے باعث عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، کانگریس کے دوبارہ اجلاس تک بلاٹر اپنے عہدے پر فرائض انجام دیتے رہیں گے، سیپ بلاٹر انیس سو اٹھانوے میں پہلی بار فیفا کے صدر منتخب ہوئے تھے۔