ماسکو : روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں آج تین میچ کھیلے جائیں گے، کوسٹاریکا کا مقابلہ سربیا ، جرمنی کا میکسیکو اور برازیل کا ٹاکرا سوئٹزرلینڈ سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلے کا سلسلہ جاری ہے، فیفا ورلڈکپ میں آج 3میچ کھیلے جائیں گے، آج کھیلے جانے والے میچز میں گروپ سی کی ٹیم کوسٹا ریکا اور سربیا کا ٹکراؤ پاکستانی وقت کے مطابق دو بجے دوپہر سامارا میں ہوگا۔
دوسرے میچ میں عالمی چیمپیئن جرمنی اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے میکسیکو کیخلاف ماسکو میں میدان میں اترے گی، جرمن کھلاڑی اوزل شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔
تیسرے اور آخری میچ میں پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ٹیم برازیل کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ روسٹیو آن ڈان میں رات دس بجے ہوگا، نیمار جونیر برازیل کو چھٹی مرتبہ چیمپیئن بنانے کے خواہشمند ہیں۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں فرانس، ڈنمارک، کروشیا کو کامیابی ملی جبکہ ارجنٹائن اور آئس لینڈ کا مقابلہ برابر ثابت ہوا۔
سابق عالمی چیمپیئن فرانس نے دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دےدی، دوسرے میچ میں ارجنٹائن اور آئس لینڈ مدمقابل آئے، میسی کا جادو حریف ٹیم پر چل نہ سکا اور اعصاب شکن مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
گروپ سی کے میچ میں ڈنمارک نے پیرو کو ایک صفر سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی، چوتھے اور آخری میچ میں گروپ ڈی کے میچ میں کروشیا نے نائجیریا کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پرپہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔