ماسکو : فیفا ورلڈ کپ 2018 کے آج ہونے والے مقابلوں میں پرتگال نے مراکش اور یوروگوائے نے سعودی کو شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق آج گروپ بی کے میچ میں پرتگال اور مراکش مقابل آئیں، جہاں فتح نے یورپی ٹیم کے قدم چومے.
یاد رہے کہ مراکش کو ایران کے خلاف اپنے اولین میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب کہ پرتگال اور اسپین کا میچ تین تین سے برابر رہا تھا۔
میچ کا اکلوتا گول سپراسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے داغا، ریال میڈرڈ سے کھیلنے والے رونالڈو نے میچ کے چوتھے منٹ میں گول اسکور کیا، یہ رونالڈو کا ورلڈ کپ میں چوتھا گول تھا۔
مراکش کی جانب سے اسکور برابر کرنے کے لیے متعدد اٹیک کیے گئے، لیکن پرتگالی دفاع کی وجہ سے یہ کوششیں ناکام گئیں۔
اس فتح کے بعد پرتگال گروپ بی میں پہلے نمبر پر آگئی، جب کہ مراکش کے لیے ورلڈ کپ کا سفر لگ بھگ تمام ہوا۔ گروپ بی کے دیگر ٹیمیں ایران اور اسپین آج ٹکرائیں گی۔
آج دوسرا میچ گروپ اے کی ٹیموں سعودی عرب اور یوروگوائے کے مابین کھیلا گیا، اس میچ میں بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی سوارز کے شان دار گول کے طفیل یوروگوائے نے فتح حاصل کی.
اگرچہ سعودی عرب کی ٹیم نے نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، مگر وہ یوروگوائے کی برتری ختم نہیں کر سکی اور ورلڈ کپ مقابلوں سے باہر ہوگئی.
گروپ اے میں اب پوزیشن واضح ہے، یوروگوائے اور روس دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، روس اور یوروگوائے کے میچ کے بعد گروپ کی نمبر ون ٹیم کا فیصلہ ہوگا.
فیفا ورلڈ کپ کے چھٹے روز جاپان، سینیگال اور روس نے اپنے اپنے میچز جیت لیے
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔