لاہور: فٹبال کے سب سے بڑی عالمی مقابلے فیفا ورلڈ کپ 2018 کی سنہری ٹرافی پاکستان پہنچ گئی، جس کا مقصد ملک میں فٹبال کھیل کو فروغ دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ ٹرافی خصوصی طیارے میں تھائی لینڈ سے لاہور لائی گئی، سابق فرانسیسی ورلڈ کپ فٹبالر کرسٹیان بھی ٹرافی کے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں جبکہ پاکستانی وفد میں سابق کپتان یونس خان اور دیگر شامل ہیں۔
فیفا ٹرافی کی لاہور آمد پر 2 تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ٹرافی کی نمائش ہوگی، اس کے دوران ملک کی مختلف نامور شخصیات سمیت دیگر افراد شرکت کریں گے۔
ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان کے دورے کے بعد 4 فروری کو قازقستان روانہ کی جائے گی۔
فیفا ٹرافی کے سفر کا آغاز گذشتہ سال ستمبر 2017 میں ہوا تھا، اس دوران ٹرافی 51 ممالک کے 91 شہروں کا سفر کرے گی جو 30 اپریل کو جاپان میں اختتام پذیر ہوگا، جہاں سے اسے روس پہنچایا جائے گا۔
فیفا ورلڈ کپ 2018 کی پاکستان آمد
فیفا ورلڈ کپ رواں برس 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹرافی کو 50 ملکوں کا دورہ کرانے کے بعد مئی میں واپس روس لائی جائے گی۔
یاد رہے ٹرافی پہلی مرتبہ 1974 میں متعارف کرائی گئی تھی، جس کی تیاری میں 18 کیرٹ سونے کا استعمال کیا گیا ہے، جبکہ اس کی لمبائی 36.8 سینٹی میٹر، جبکہ وزن 6.1 کلو گرام ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2018: سنہری ٹرافی کا سفر کولمبو سے شروع ہوگا
خیال رہے پاکستان فٹ بال فیڈریشن پرپابندی اورپاکستان کے 2018 کے فٹبال ورلڈ کپ میں کوالیفائی نہ کرنے کے باوجود ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان لائی گئی ہے۔
واضح رہے عالمی فٹبال ٹرافی کو پاکستان لانے میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کوئی کردار نہیں بلکہ یہ ٹرافی فیفا اور اسپانسرز کے تعاون سے پاکستان لائی جارہی ہے جس کا مقصد خطے میں فٹبال جیسے عالمی کھیل کی پذیرائی کرنا ہے۔