نیو ہیون:ٹریلر لاری میں چھپے 21 افراد غیر قانونی طریقے سے برطانیہ میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے ہیں ، ان میں زیادہ تر بچے ہیں سب سے کم عمر بچہ 12 سال کا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق یہ افراد منجمد اشیاء کی لاری میں چھپے ہوئے تھے اور اس گروپ کا تعلق ویت نام سے بتایا جارہا ہے۔ ان افراد کو گزشتہ جمعرات کو سوسیکس کاؤنٹی کے علاقے نیوہیون کے پورٹ پر پکڑا گیا تھا۔
برطانوی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بارڈر فورس کی جانب سے کیے گئے اس آپریشن کی تفصیلات کچھ خاص ظاہر نہیں کی گئی ہیں، تاہم ان افراد کے اس غیر قانونی عمل کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ رومانیہ سے تعلق رکھنے والا ایک شخص، جو کہ اس لاری کا ڈرائیور تھا، اس پر برطانیہ میں غیر قانونی داخلے کے لیے مدد فراہم کرنےکا الزام عاید کیا گیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ لاری فرانس کے علاقے ڈائی پے سے برطانیہ آئی ہے اور تلاشی لینے پر اس میں سے چھ بالغ افراد اور 15 بچے برآمد ہوئے جن کا تعلق ویت نام سے ہے ۔ تمام بچے تندرست ہیں اور انہیں میڈیکل ٹریٹمنٹ کی ضرورت نہیں لہذا انہوں سوشل کیئر سروسز کے حوالے کردیا گیا ہے۔
اس لاری میں سے پکڑے جانے والے افراد میں ایک اٹھارہ سال کا جوان اور 27 سالہ خاتون بھی شامل ہیں جنہیں پہلے برطانیہ سے باہر نکالا گیا تھا۔ دیگر چار بالغ افراد کو امیگریشن کے قیدی مراکز میں رکھا گیا ہے اور ان پر مقدمات کیے جارہےہیں۔
یاد رہے کہ ایسی ہی صورتحال حال کے حامل اینڈروٹ ڈوما جن کی عمر 29 سال ہے ، امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے سلسلے میں انہیں اتوار کے دن مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں سے ان کا ریمانڈ دے کر سماعت 26 نومبر تک موخر کردی گئی۔