اسلام آباد : قومی اسمبلی کے رکن محمود خان اچکزئی پر غداری کا مقدمہ چلانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چئیرمین محمود خان اچکزئی کے خلاف غداری کے مقدمہ کی درخواست دائر کی گئی، یہ درخواست مظفر اخوندزادہ نے جمع کرائی ہے، جو پشاور کے اے پی ایس واقعہ کے متاثرہ شہری ہیں۔
مزید پڑھیں: محمود خان اچکزئی کیخلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی جائے، پرویز الٰٰہی
درخواست میں محمودخان اچکزئی کے انٹرویو کو بنیاد بنایا گیا ہے، جو ایک افغان اخبار کو دیا گیا تھا، درخواست میں محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل کرنے کی استدعا کی گئی ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی وزارت داخلہ اور محمود خان اچکزئی کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ایک افغان اخبار کو انٹرویو میں خیبر پختونخوا کو افغانیوں کا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی کو افغان مہاجرین کو ان کی ’اپنی ہی زمین‘ میں ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، انکا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزین بلاخوف و خطر خیبر پختونخوا میں قیام کرسکتے ہیں۔
محمود خان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ اگر افغانیوں کو پاکستان کے دیگر حصوں میں بھی کہیں ہراساں کیا جارہا ہو، تو انہیں بھی صوبہ خیبر پختونخوا آجانا چاہیے، جہاں کوئی ان سے مہاجرین کارڈز کے حوالے سے نہیں پوچھ سکتا، کیونکہ وہ صوبہ ان کا بھی ہے۔