ہفتہ, جون 14, 2025
اشتہار

صبیحہ خانم:‌ پاکستانی فلموں کی مقبول اداکارہ

اشتہار

حیرت انگیز

سلور اسکرین پر راج کرنے والی اداکارہ صبیحہ خانم کی پُروقار شخصیت اور حقیقی زندگی میں اداکار سنتوش کمار کی رفاقت میں کام یاب ازدواجی سفر بھی ان کی ایک وجہِ شہرت رہا ہے۔ پاکستانی فلموں کی مقبول اداکارہ صبیحہ خانم 2020ء میں آج ہی کے روز انتقال کرگئی تھیں۔

’سسی‘ وہ کام یاب اور یادگار فلم تھی جس پر 1954ء میں ساڑھے تین لاکھ روپے لاگت آئی تھی۔ یہ وہ زمانہ تھا جب فلم ساز ایک لاکھ روپے سے بھی کچھ کم رقم میں فلم نمٹا لیتے تھے۔ اس سپر ہٹ فلم نے نہ صرف خوب بزنس کیا بلکہ صبیحہ خانم کے کیریئر کو بھی چار چاند لگا دیے۔ انھیں پاکستانی فلموں کی ’خاتونِ اوّل‘ کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ اداکارہ کا فلمی کیریئر تقریباً تین دہائیوں پر محیط رہا اور وہ فلم بینوں کے دلوں پر راج کرتی رہیں۔

صبیحہ خانم کی خوش نصیبی تھی کہ انھیں اپنے وقت منجھے ہوئے فلم سازوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جن میں داؤد چاند، ایم اے خان، سلطان کھوسٹ اور دیگر ایسے نام شامل ہیں جو برطانیہ سے فلم سازی کی تکنیک سیکھ کر آئے تھے اور خداداد صلاحیتوں کے حامل تھے۔ ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے صبیحہ خانم کی اداکاری میں بھی وقت کے ساتھ نکھار آیا۔ فلم سسی میں جہاں صبیحہ خانم کی معصومانہ اداؤں نے فلم بینوں کو متوجہ کیا، وہیں مکالموں کی بے ساختہ ادائیگی بھی انھیں بہت پسند آئی۔ کہا جاتا ہے کہ فلم سسی نے 40 لاکھ روپے کا منافع کمایا تھا۔

اس فلم سے قبل صبیحہ خانم نے 1950 میں فلم بیلی میں کام کیا تھا جو ایک فلاپ فلم ثابت ہوئی۔ اس کے بعد بھی اداکارہ کو چند فلموں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا لیکن وہ خوش قسمت تھیں‌ کہ سلطان کھوسٹ اور نفیس خلیلی نے ان ناکامیوں کے باوجود انھیں باصلاحیت خیال کیا اور کیریئر بنانے میں صبیحہ خانم کو مدد دی۔ نفیس خلیلی نے صبیحہ خانم کو ایک ڈرامے ’بت شکن‘ میں کردار سونپا۔ ’بت شکن‘ کے بعد صبیحہ خانم کو ایک فلم میں‌ سائڈ ہیروئن کا رول ملا اور پھر یہ سلسلہ کئی کام یاب اور سپر ہٹ فلموں تک دراز ہوگیا۔ فلمی اعداد و شمار کے مطابق صبیحہ نے مجموعی طور پر 202 فلموں میں کام کیا۔ صبیحہ خانم نے فلموں میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پانچ نگار ایوارڈ بھی اپنے نام کیے۔ انھیں فلم سات لاکھ، شکوہ، دیور بھابی میں بہترین اداکارہ کا، سنگ دل میں بہترین معاون اداکارہ اور اک گناہ اور سہی میں خصوصی اداکارہ کا نگار ایوارڈ دیا گیا۔

صبیحہ خانم کا اصل نام مختار بیگم تھا۔ ان کا سنہ پیدائش 1935ء ہے۔ وہ پنجاب کے شہر گجرات کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئی تھیں۔ اداکارہ کے والد کا نام محمد علی اور والدہ کا نام اقبال بیگم تھا جو اسٹیج اور فلم کی ایک اداکارہ تھیں۔ کم عمری میں صبیحہ خانم اپنی والدہ کے سائے سے محروم ہوگئیں۔ صبیحہ پندرہ سال کی تھیں جب والد انھیں فلموں میں کام دلوانے کے لیے کوشش کرنے لگے۔ فلم نگری میں اپنی بیٹی کے لیے ان کی یہ بھاگ دوڑ کام یاب رہی اور صبیحہ انڈسٹری کی مقبول ہیروئن بنیں۔ صبیحہ خانم نے پچاس اور ساٹھ کی دہائی میں اپنے کیریئر کا عروج دیکھا۔ اس وقت بننے والی ہر دس فلموں میں‌ سے سات میں صبیحہ خانم ہی ہیروئن کے روپ میں‌ نظر آتی تھیں۔ ان کی اداکاری کی خاص بات بے ساختگی اور فطری پن تھا۔

اداکارہ کے شریکِ سفر سنتوش کمار تھے جو اپنے وقت کے مقبول فلمی ہیرو تھے۔ ان کا اصل نام موسیٰ رضا تھا۔ صبیحہ خانم اور سنتوش کمار کی محبّت کے قصّے فلمی دنیا کے صحافیوں کے توسط سے ان کے مداحوں تک پہنچے اور پھر ایک روز سنتوش کمار نے یہ اعتراف کیا کہ وہ صبیحہ خانم سے نکاح کرچکے ہیں۔ یہ سنتوش کمار کی دوسری شادی تھی۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل صبیحہ خانم اور درپن کے درمیان بھی رومانس کا چرچا تھا جو دراصل ستنوش کمار کے بھائی تھے۔ یہ بھی سنا گیا تھا کہ سنتوش کمار نے اپنے بھائی درپن کو اداکارہ سے شادی نہ کرنے پر قائل کیا تھا اور بعد میں وہی صبیحہ خانم کی محبّت میں گرفتار ہوگئے اور ان سے شادی بھی کی۔ بہرحال، صبیحہ اور سنتوش کی جوڑی کام یاب رہی۔ انھوں نے 1958ء میں‌ شادی کی تھی۔ ان کے ہاں تین بچّوں کی ولادت ہوئی۔

سنتوش کمار نے 11 جون 1982ء کو یہ دنیا چھوڑ دی تھی اور ان کے بعد صبیحہ خانم بھی فلمی دنیا سے دور ہوگئی تھیں۔ بعد میں وہ امریکا چلی گئیں اور وہیں انتقال کے بعد آسودۂ خاک ہوئیں۔

فلموں سے دور ہوجانے کے بعد اداکارہ نے ٹیلی ویژن ڈراموں میں بھی کام کیا۔ ان کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں ’احساس‘ اور ‘دشت’ شامل ہیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ وہ ایک اچھی گلوکارہ بھی تھیں اور ان کی آواز میں دو ملّی نغمات ہم آج بھی بہت شوق سے سنتے ہیں جن کے بول ’جُگ جُگ جیوے میرا پیارا وطن‘ اور ’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘ ہیں۔

حکومتِ پاکستان کی جانب سے اداکارہ کو تمغائے حسنِ کارکردگی عطا کیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں