کراچی : فلم مالک نےباکس آفس پرکامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔ فلم نے دوسرے ہی ہفتے دوکروڑ کا بزنس کرلیا، فلم کے ڈائریکٹر عاشرعظیم نے پذیرائی پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت فلم کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دے۔ تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے بینر تلے بننے والی فلم مالک نے باکس آفس پرکامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے۔
دھواں ڈرامے سے شہرت حاصل کرنے والے عاشر عظیم نے اس مرتبہ بڑی اسکرین پر کمال دکھادیا،بیس سال بعد ہدایتکار عاشر عظیم پاکستان سے محبت کا پیغام لئے بڑی اسکرین پر آگئے۔
عاشر عظیم کی ہدایت کاری اور اے آر وائی کے بینر تلے بننے والی فلم مالک اس وقت فلم بینوں کی تمام تر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
عاشر عظیم کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں فلم کو صنعت کا درجہ حاصل ہے اور امریکہ بھارت ، جنوبی کوریا کی معیشت میں یہ آمدنی کا اہم ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام نیوز ایٹ تھری میں انہوں نے ملک سے محبت کا پیغام دیا، فلم مالک کی کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ اچھی اسٹوری اور بہترین ڈائریکشن اب بھی سینما گھروں میں ہاؤس فل کا بورڈ لگوا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیاست کے گرد گھومتی اس فلم کا ایک ایک سین پاکستان میں شوٹ کیا گیا ہے۔ ہدایتکاری کے ساتھ عاشر عظیم کی اداکاری نے بھی فلم میں جان ڈال دی۔۔۔مالک نے ریلیز کے دوسرے ہی ہفتے دوکروڑ کا بزنس کردکھایا۔