الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 45 کرم کے گزشتہ روز ہونے والے ضمنی الیکشن کا حتمی نتیجہ جاری کردیا ہے عمران خان کامیاب قرار پائے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کُرم کے حتمی نتائج پر مشتمل فارم 49 جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان مذکورہ حلقے سے 20748 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ جے یو آئی کے جمیل خان جنہوں نے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لیا انہیں 12 ہزار 718 ووٹ مل سکے۔
این اے 45 سے 12 دیگر آزاد امیدوار بھی مدمقابل تھے تاہم کوئی امیدوار قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے حتمی نتیجے کا فارم 49 اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی پوسٹ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 16 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے 6 حلقوں میں کے ضمنی الیکشن میں عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔
پی ٹی آئی چیئرمین اس وقت بیک وقت سات حلقوں سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہیں جب کہ ان کی پہلے سے موجود ایک نشست سے رکنیت کو الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں نااہل قرار دیے جانے کے بعد ختم کردیا تھا۔
— Haroon Shinwari, Spokesperson ECP (@HaroonS2021) October 31, 2022
اس سے قبل آج صبح الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم سے عمران خان کی جیت کا غیر سرکاری نتیجہ ٹوئٹر پر جاری کیا تھا۔