منگل, ستمبر 24, 2024
اشتہار

’پوری امید ہے آئی ایم ایف 7 ارب ڈالر پروگرام کی منظوری دے گا‘

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پوری امید ہے کہ کل آئی ایم ایف 7 ارب ڈالر پروگرام کی منظوری دے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں سی پیک سیمینار میں ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ کل ہوگی، امید ہے آئی ایم ایف سے 37 ماہ کا 7 ارب ڈالر پروگرام مل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، حکومتی اقدامات سے مہنگائی کی شرح میں کمی آرہی ہے، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔

- Advertisement -

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پالیسی ریٹ کم ہورہا ہے، معاشی استحکام کے لیے مضبوط بنیاد قائم ہوگئی، نجی شعبہ ملکی معیشت کو ترقی دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سی پیک فیز ون انفرا اسٹرکچر کی تیاری پر مشتمل تھا اب فیز ٹو کا آغاز ہونے جارہا ہے۔

گزشتہ دنوں محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائرہ 26 ماہ کی بلند ترین سطح پر ہیں، آئی ٹی برآمدات 300 ملین ڈالرز ماہانہ کی سطح پر مستحکم ہوگئی ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مسلسل اور مستحکم اضافہ خوش آئند ہے، جس میں پچھلے ماہ 165ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ افراط زر میں سنگل ڈیجٹ کی حد تک کمی ہوئی ہے جبکہ ستمبر میں مزید کمی متوقع ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں ہے، اگست میں 75 ملین ڈالر سر پلس رہا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں