اسلام آباد: وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ 5 ہزار کے نوٹ بند نہیں کیے جا رہے۔ نوٹ بند کرنے کا کو ئی جواز نہیں ہے، تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پانچ ہزار کے نوٹوں کی بندش کے حوالے سے جو خبریں اخباروں، میڈیا اور کاروباری حلقوں میں زیر گردش ہیں، وزارت خزانہ نے ان کو غلط قرار دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے 5 ہزار کا نوٹ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سب سے بڑا نوٹ ہونے کے باعث نوٹ کی سرکولیشن کم ہے۔ رواں سال پرنٹ کی گئی کرنسی میں سے صرف 17 فیصد 5 ہزار کے نوٹوں کی تھی۔
وزارت خزانہ کے مطابق 5 ہزار کا نوٹ بند کرنے کے مثبت نہیں بلکہ منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ عوام ایسی بے بنیاد خبروں پر کان نہ دھریں۔
واضح رہے کہ 5 ہزار کا نوٹ بند کرنے کے لیے سینیٹ میں قرارداد پیش کی گئی تھی جس کے بعد یہ خبریں گردش کرنا شروع ہوئی تھیں۔