مجیب الرحمان نے اسکوائر لیگ بائونڈری سے شاندار تھرو کے ذریعے پاکستانی بیٹر شاداب خان کو چلتا کیا، عمدہ تھرو کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
افغان اسپنر مجیب الرحمان نے بولنگ کے بعد اپنی عمدہ تھرو سے ڈائریکٹ وکٹوں کا نشانہ لے کر پاکستانی نائب کپتان شاداب خان کو آؤٹ کردیا، انھوں نے اسکوائر لیگ سے تھرو کی جو براہ راست وکٹوں سے ٹکرائی۔
پاکستان کا اسکور جب 197 تھا تو شاداب نے ہٹ لگائی اور رن لینے کے لیے دوڑ پڑے، وہ دوسرا رن بھی لینا چاہتے تھے تاہم انھیں اشارے سے نسم شاہ نے منع کیا، وہ واپس کریز میں جانے کے لیے مڑے مگر اس سے پہلے ہی مجیب کی بائونڈری سے پھینکی گئی تھرو وکٹوں پر لگی اور انھیں پویلین لوٹنا پڑا۔
واضح رہے کہ ہمبنٹوٹا میں افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم 201 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان کی ٹیم نے 47 اوورز تک مزاحمت کرنے کے بعد افغانستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا ہے۔
امام الحق 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شاداب خان نے 39 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے مجیب الرحمان کا نشانہ بنے۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، راشد خان اور محمد نبی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔