اسلام آباد : وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان پانڈا بانڈ کے ذریعے چینی سرمایہ کاروں سے 200 ملین ڈالراکٹھا کرنے کا خواہش مند ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہانگ کانگ کے ٹی وی بی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جون تک پانڈا بانڈ جاری کرے گا، پانڈا بانڈز سے چینی کیپیٹل مارکیٹس میں شمولیت کا ارادہ ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاروں سے 200 ملین ڈالر اکٹھا کرنے کے خواہش مند ہیں۔
انھوں نے کہا کہ معیشت کوبرآمدات پرمبنی ترقی کی طرف منتقل کرنے پر توجہ مرکوز ہے ساتھ ہی ادائیگیوں کے توازن میں پائیداری کے حصول پر توجہ ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ مزید چینی کمپنیوں اورسرمایہ کاری کو راغب کرے گا۔
انھوں نے بتایا کہ ہانگ کانگ کے ساتھ مالیاتی تعاون کو بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں، ہانگ کانگ تجارتی، مالیاتی مواقع کا جائزہ لینے کیلئے وفود بھیجے، ہانگ کانگ چینی، پاکستانی کمپنیوں کے منصوبوں کیلئے موزوں ثابت ہوسکتا ہے۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق اصلاحات کے ذریعے ”بی“ ریٹنگ زون تک پہنچنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ملک کے فنڈنگ ذرائع کو ”متنوع“ بنانے کی اہمیت پر زور دیا، ہانگ کانگ کی اسٹاک مارکیٹ بھی اس کا حصہ ہے۔