ہنسکلی : فن لینڈ کے وزیر ٹرانسپورٹ ساننا مارن دنیا کی سب سے کم عمر ترین وزیر اعظم بن گئیں، وزیر اعظم انٹی رینی کے استعفیٰ کے بعد سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے سانا مارین کو منتخب کیا۔
تفصیلات کے مطابق فن لینڈ کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے وزیر اعظم انٹی رینی کے استعفیٰ کے بعد 34 سالہ وزیر ٹرانسپورٹ سانا مارین کو نیا وزیراعظم منتخب کرلیا، رینی نے کچھ دن پہلے اعتدال پسند اتحادی جماعت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
انہوں نے عہدہ اس وقت چھوڑا جب ان کے خلاف محکمہ ڈاک کے ملازمین نے ہڑتال شروع کی تھی۔
سانا مارین نے پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے دیگر امیدواروں کے مقابلے میں معمولی کامیابی کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے میں ہمارے پاس وقت کم اور بہت زیادہ کام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مشترکہ حکومتی پروگرام ہے ، جو حکمراں اتحاد کی یکجہتی کی بنیاد ہے۔چھ ماہ قبل تشکیل پانے والا یہ اتحاد رینی کے استعفے کے بعد اپنے سابقہ پروگرام پر کام جاری رکھنے پر قائم ہے۔
منتخب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں فن لینڈ میں قیادت کی تبدیلی پریشانی کا باعث ہے۔ فن لینڈ موجودہ یورپی سیشن کا صدر ہے اور اسے یورپی بلاک کا بجٹ بھی تیار کرنا ہے۔