راولپنڈی: نیب پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کرنے والے پیپلزپارٹی کے کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور راجہ شکیل عباسی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور سابق صدر زرداری کی نیب پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کرنے والے 20 ملزمان کو عدالت نے چار اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔
دوسری جانب نیب راولپنڈی کے دفتر کے باہر توڑپھوڑ، غیرقانونی جلوس،اداروں کے خلاف توہین آمیزنعروں کی دفعات کو شامل کر کے پی پی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر ، راجہ شکیل عباسی سمیت 70 کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: نیب پیشی پر ہنگامہ آرائی، پیپلزپارٹی کے کارکنان کو رہا کرنے کا حکم
حکومت نے واضح کیا ہے کہ کسی کوقانون ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم، کابینہ اراکین اور عام شہریوں پر قانون کا اطلاق ہوگا، قانون کی خلاف ورزی کرنے والا چاہیے کوئی بھی شخص ہو ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ایکشن لے گی۔
پیپلزپارٹی سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے پی پی کارکنان کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’وفاقی حکومت احتجاج کا حق نہیں چھین سکتی، ڈھائی سال پہلے عمران خان، عارف علوی اور تحریک انصاف نے بھی احتجاج کیا تھا، کیا اُن کے خلاف بھی مقدمہ درج ہونا چاہیے؟۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی نیب پیشی کے موقع پر پی پی کے جیالوں نے احتساب عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جن کی پیش قدمی کو پولیس نے روک لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: نیب میں پیشی کے دوران بلاول بھٹو سے کیا کیا سوال ہوئے؟ سنسنی خیز انکشافات
پولیس کی جانب سے روکے جانے کے بعد پیپلزپارٹی کے کارکنان غصے سے بپھر گئے اور انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں سمیت میڈیا نمائندگان کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد پولیس نے سیکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا تھا۔
ایک روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کیا تھا کہ حکومت نے وزارتِ داخلہ کو بے گناہ کارکنان کی فوری رہائی کا حکم دے دیا جبکہ جن شرپسندوں نے پولیس پر حملہ کیا اُن سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔