جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج میں‌ چیف جسٹس کے خلاف نازیبا کلمات، مقدمہ درج

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: الیکشن میں شکست کا سامنا کرنے والی سیاسی جماعتوں کے احتجاج میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال پر انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انتخابات 2018 میں تحریک انصاف کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے دوچار جماعتوں کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مرکزی دفتر کے باہر احتجاج کیا تھا۔

مظاہرین نے چیف جسٹس کے خلاف نعرے لگائے اور نازیبا الفاظ استعمال کیے جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

- Advertisement -

مقدمے میں امتیاز راجہ اور گوثر گیلانی کو نامزد کیا گیا جبکہ ایف آئی آر کےمتن میں کہا گیا ہے کہ نازیبا الفاظ کی ویڈیو حاصل کرلی گئی ہے جس کی مدد سے نعرے لگانے والے دیگر مظاہرین کی شناخت کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو: شیری رحمٰن

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام ف، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے انتخابات کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ ’تمام جماعتیں الیکشن کو مسترد کرتی ہیں اور ہم دوبارہ انتخابات کے لیے تحریک چلائیں گے‘۔

دوسری جانب عمران خان نے قوم سے کیے جانے والے پہلے خطاب میں پہلے ہی مخالفین کو پیش کش کی کہ وہ حلقوں کی نشاندہی کریں حکومت انہیں ہر صورت کھولے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں