اسلام آباد: تحریک انصاف کا حصہ بننے والی سابق وزیر اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے مجھے وزارت دی تو الیکشن ہار کر اس کا قرض اتار دیا، اب بیٹنگ باؤلنگ نہیں بلکہ باؤنسر ماروں گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی وزارت کا قرض اتار دیا بلکہ چار سال تک گھر بیٹھ کر اس کا کفارہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں ن لیگ اور تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن لڑنے کی پیش کش تھی مگر میں نے مسترد کردی، اب نہ بیٹنگ کروں گی نا باؤلنگ بلکہ مخالفین کو سیدھا باؤنسر ماروں گی۔
فردوس عاشق اعوان نے اپنی سابق جماعت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کو بچانے کے لیے بلاول بھٹو کو فرنٹ لائن پر آنا ہوگا، پی پی کو مفاہمت کی سیاست نے بہت نقصان پہنچایا جس کا خمیازہ سب کو بھگتنا پڑا۔
پڑھیں: فردوس عاشق اعوان کی عمران خان سے ملاقات، تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت
یاد رہے کہ فردوس عاشق اعوان نے حال ہی میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا اور بطور کارکن اپنے امور انجام دینے کی یقین دہانی کروائی۔