اسلام آباد: مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس پر جے آئی ٹی رپورٹ سندھ سے متعلق ہے، قوم کو سمجھ جانا چاہئے سندھ کارڈ اپنی جائیداد بچانے کے لیے کھیلا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں چوری اور لوٹ مار کی داستان ادارے خود بتا رہے ہیں، بلاول بھٹو جتنی مرضی کوشش کرلیں ان کے چنگل میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری پی ٹی آئی اور عمران خان کا کھلاڑی ہے، کسی کو بھی نکالا نہیں گیا، عمران خان نے بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا، عمران خان تبدیلی کے ذریعے پاکستان کو جتوانا چاہتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کوئی شخص بھی ملک، منسٹری یا کاروبار اکیلے نہیں چلا سکتا، وقت سب سے بڑا استاد ہوتا ہے اور بہت کچھ سکھا دیتا ہے، ماحول، موسم بدلنے سے کچھ لوگ اچھا پرفارم کرجاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ووٹ کوعزت دینے والے وزیر اعلیٰ پنجاب کوعزت دیں: فردوس عاشق اعوان
مشیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حالات میں ٹیم ورک کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، حلقے کی سیاست میں عزت زیادہ معنی رکھتی ہے، ووٹ سے آئی ہوں تنقید ہوگی تو علاج کرنا میری ذمہ داری ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حفیظ ششیخ اچھے وزیر خزانہ اور ٹیکنوکریٹ تھے، ان کا کام خزانے کی چوری روکنا تھا انہوں نے اپنا کام کیا، کسی ڈیپارٹمنٹ میں چوری ہورہی تھی تو حفیظ شیخ کا تعلق نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ حفیظ شیخ آصف زرداری کی معاشی دہشت گردی میں حصہ دار بن جاتے تو وزیر خزانہ بنے رہتے، این ایف سی کے تحت رقم صوبے میں غلط طریقے سے استعمال ہو تو اس کا آڈٹ کرنا ان کی ذمہ داری نہیں تھی۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی پی دور میں حفیظ شیخ کسی کے ہاتھوں کھلونا نہیں بنے، ماضی میں حفیظ شیخ آنکھوں کا تارہ نہیں بنے اس لیے انہیں تبدیل کردیا گیا۔