بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

پارلیمانی لیڈر کے طور پر کسی اور کی نامزدگی این آر او کی جانب پہلا قدم ہے: فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمانی لیڈر کے طور پر شہباز شریف کی جگہ کسی اور کی نامزدگی این آر او کی طرف پہلا قدم ہے۔

تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق نے ریڈیو پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے آج عمران خان کے بیانیے پر عمل کر کے قیادت بدلی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف کو واپس آنا ہوتا تو اپنی جگہ کسی اور کو نامزد نہ کرتے، یہ لوگ این آر او کی تلاش میں ہیں۔

فردوس عاشق نے کہا کہ عوام کو ورغلا اور بے وقوف بنا کر شہباز شریف باہر چلے گئے، شہباز شریف لاپتا ہیں، خود ساختہ مفروری اختیار کر رکھی ہے، عمران خان کا بیانیہ جیت گیا، اپویشن کی دلیلیں ہار گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:  کیا خادم اعلیٰ وطن واپس آئیں گے؟

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی ضد مان کر شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنایا گیا تھا، لیکن انھوں نے پارلیمنٹ کی ساکھ کو داؤ پر لگا کر مفروری اختیار کی، نئے نامزد پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف تو خود پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کا تشخص بہتر کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے، عمران خان ہر ادارے میں اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں، سیکورٹی اداروں اور سیاسی قیادت نے مل کر دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنایا، ادارہ جاتی اصلاحات سے ریاستی ادارے مستحکم ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے تیراہ میں سینہ تان کر بارود کی بو کو خوشبو میں بدلا، مہمند ڈیم سے ہماری آنے والی نسلوں کی بقا جڑی ہوئی ہے، ایسی قیادت ہی ملک کو ترقی کی طرف لے جا سکتی ہے جسے قوم کی فکر ہو۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں