لاہور : فردوس عاشق اعوان نے بھی پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کردیا اور کہا عمران خان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا شرپسند اور دہشت گرد کارروائیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی کاحصہ نہیں رہوں گی
سیاسی رہنما کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی دنیا بھر میں اپنی شناخت ہے، میں اپنی راہیں پی ٹی آئی سےجداکررہی ہوں ، عمران خان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا پاکستان کیلئے زہر قاتل بن گیا ہے، ان کے ایجنڈے کی میں بھی گواہ ہوں، عمران خان سب سے پہلے دوستوں کو ڈستے ہیں، یہ دشمنوں کیلئے نہیں سب سے پہلے دوستوں کے دشمن بنتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پہلے اپنے مفاد کیلئےاستعمال کرتےپھرٹشوپیپرکی طرح پھینک دیتےہیں ، میراپی ٹی آئی کیساتھ سفرآج اختتام پذیرہوگیا، اس چراغ کوآگ لگ گئی ہے گھرکے چراغ سے۔
انھوں نے بتایا کہ میرا سیاسی سفر جاری رہے گا ہماری سیاست کا محور حلقے کے عوام ہیں، ہم اپنے حلقے کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جیل سے نکل کر زبردستی پریس کانفرنس نہیں کررہی ، آج کی پریس کانفرنس 100فیصد میرے دل کی آواز ہے۔