اسلام آباد : معاون خصوصی برائےاطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قومی خزانہ لوٹنے اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں پر آرٹیکل چھ لگنا چاہئے، کرپشن اتحاد کی سازش ناکام ہوگی۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے ملک کو قرضے کی دلدل میں دھکیلا، قومی خزانے کو بیدردی سے لوٹنے والوں اور غریب عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں پرآرٹیکل چھ لگنا چاہئے، کرپشن اتحاد کی سازش ناکام ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو مدینے کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا کرنے کیلئے پرعزم ہیں، عمران خان قوم کی امید ہیں وہ امیدوں کے چراغ روشن رکھیں گے۔
ان کو دوسروں کی طرح پارٹی وراثت میں نہیں ملی، فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاسی جدوجہد22سال پر محیط ہے، پیپلزپارٹی سے عمران خان کی مقبولیت ہضم نہیں ہورہی ہے۔
غلام سرور خان کی وزارت سے متعلق میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا. میڈیا بریفنگ میں گیس کمپنیوں کی بد انتظامی کے بارے میں حقائق سے قوم کو آگاہ کیا تھا. گیس کے مسئلے کے ذمہ داران کمپنیوں کے اعلی عہدے داران ہیں. ان عناصر کو بے نقاب کیا جنہوں نے سازش کی. 1/2
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) April 24, 2019
علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ غلام سرور کی وزارت پر میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، بریفنگ میں گیس کمپنیز کی بد انتظامی کے حقائق سے آگاہ کیا تھا۔
گیس مسئلے کے ذمہ داران کمپنیز کے اعلیٰ عہدیداران ہیں، سازش کرنے والے عناصر کو بےنقاب کیا، معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے مزید کہا کہ غلام سرور میرے نہایت قابل احترام بھائی ہیں، ان کی عزت کرتی ہوں، میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر بتانا افسوسناک ہے۔