اسلام آباد : مشیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری صرف اپنے خاندان کی کرپشن کا تحفظ کررہے ہیں، آکسفورڈ کی تعلیم نے بھی ان کو کچھ نہیں سکھایا۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو کو کرپشن کی وجہ سے صدارتی نظام کی باتیں یاد آرہی ہیں۔
ایسے بیانات سے وہ صرف اپنے خاندان کی کرپشن کا تحفظ کررہے ہیں، نواز لیگ اور پیپلز پارٹی اتحاد کرپشن بچاؤ اتحاد میں تبدیل ہوگیاہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سب کچھ قوم کی کرپشن پر سے توجہ ہٹانے کے لئے کیا جارہا ہے، بلاول بھٹو خاندان کی کرپشن بچانے میں لگے ہوئے ہیں، بدعنوان لوگوں کو احتساب کاشکنجہ قریب آنے پر جمہوریت خطرے میں نظر آرہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مشیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اپنی والدہ شہید بی بی کا مذاق نہ اڑوائیں، آکسفورڈ کی تعلیم نے بھی ان کو کچھ نہیں سکھایا، بلاول بھٹو زرداری آکسفورڈ کی تعلیم کی اصل فلاسفی پہلے اپنی ذات پر لاگو کریں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول کرپشن کا دفاع کرنے کےبجائے کرپشن کےخلاف کھڑے ہوں، فردوس عاشق کرپشن پکڑی جائے تو انہیں صدارتی نظام اور 18ویں ترمیم یادآتی ہے، ان کی کرپشن پرہاتھ پڑے تو انہیں غریبوں اور کسانوں پر ترس آتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امانت ہے اور امانت میں خیانت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، خیانت کرنے والوں نے عوام کو غریب کرکے اپنےمحلات تعمیر کیے۔
صدارتی نظام پاکستان کے لئے نقصان دہ اور غیر جمہوری ہوگا،: بلاول بھٹو زرداری
واضح رہے کہ پاکستان بار کونسل کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نیب کالا قانون اور مشرف کا بنایا ہوا ادارہ ہے، جسے پولیٹیکل انجینئرنگ اور سیاسی مفادات کے لئے بنایا گیا، احتساب بلاتفریق ہونا چاہیے، سب کے لئے ایک قانون ہونا چاہیے.
انہوں نے کہا کہ اس وقت شاید نیا سسٹم لانا مشکل ہوگا، اگر حکومت سسٹم کو ٹھیک کرنا چاہے تو ہم اس کا ساتھ دیں گے، مگر حکومت یوٹرن لیتی ہے، اب تک ایک بل پاس نہیں ہوا، حکومت کو ملک ،پارلیمنٹ اور معیشت چلانے میں کوئی دلچسپی نہیں. ریفرنڈم لانے کی باتیں غیرقانونی ہیں ایسی تجاویز نہیں دینی چاہیے۔